آصف غفور سمیت 6میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

576
راولپنڈی: پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے آفیسرز کی فائل فوٹو

راولپنڈی ( آن لائن) پاک فوج میں اعلی سطحی ترقیوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے، کراچی، لاہور، ملتان، بہاولپور، کوئٹہ کے کور کمانڈرز سمیت اسٹریٹجک فورس کے کمانڈر تبدیل،چھ میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر ترقیوں سمیت نئی تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں، جس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو انسپکٹر جنرل آرمز، لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان کو آئی جی ٹریننگ، لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات ملٹری سیکریٹری، لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی مقرر کر دیا گیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو کمانڈر آرمی اسٹریجک فورس کمانڈ متعین کردیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چھ میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدے پر ترقی بھی دے دی گئی ہے ۔ ترقی پانے والوں میں میجر جنرل اختر نواز،میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات ،میجر جنرل آصف غفور،میجر جنرل سلمان فیاض غنی ،میجر جنرل سرفراز علی اور میجرجنرل محمد علی شامل ہیں ۔ ان تمام ترقیوں کی منظوری آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے دی ۔ ترقی پانے والوں میں سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور بھی شامل ہیں جو کہ اس وقت جی او سی اوکاڑہ ہیں۔