حادثات و واقعات میں 6 جاں بحق،رہزنوں کی فائرنگ سے 4 زخمی

124

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میںحادثات واقعات میں 6افراد جاں بحق ہوگئے ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4افراد زخمی بھی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ چوبیس مارکیٹ نزد غوث نگر میںفائرنگ سے 30سالہ محبوب ولد مصطفی شدید زخمی ہوگیا جس کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ محبوب کو ذاتی جھگڑے کے دوران اسکے پھوپھا نعیم شاہ ولد بخش شاہ نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔کورنگی کے علاقے کورنگی پی این ٹی کالونی کے قریب زیر تعمیرگھر کی دیوار گرنے سے مزدور جاںبحق ہو گیا۔شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی کے قریب گھر میں ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی،متوفی کی شناخت 35سالہ عابدولدمیر زمان کے نام سے ہوئی ،پولیس کے مطابق متوفی کے گھر والوں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ متوفی کافی دنوں سے پریشان تھا ،پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔فیریئر کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب سے 70سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ،پولیس نے موت کو طبعی قراردیا ہے۔ادھر ڈرگ روڈ اسٹیشن کے قریب سے 55سالہ شخص کی لاش ملی پولیس کے مطابق متوفی نشے کی زیادتی کے باعث ہلاک ہو اہے۔شیر شاہ تھانے کی حدود گلبائی مزار کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاںبحق ہوگئی۔جاںبحق ہونے والی خاتون کی شناخت65سالہ خدیجہ زوجہ وارث کے نام سے ہوئی۔ دوسری جانب جمشید کوارٹر کے علاقے جہانگیر روڈ نمبر دو پر نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 26سالہ عبدالعلی ولد یوسف زخمی ہوگیا۔ سچل کے علاقے سہراب گوٹھ زیرو پوائنٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص پنڈلی میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمی کی شناخت 28 سالہ علی حسن ولد علی محمد کے نام سے کرلی گئی۔اس ہی تھانے کی حدود سپر ہائی وے جمالی پل پر نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 30سالہ عامر فرید کو زخمی کردیا جبکہ زمان ٹاؤ ن کے علاقے کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے وقار نامی شہری زخمی کردیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے۔