استعداد کے مطابق فلاحی خدمات جاری رکھیں گے، ظفر اللہ آرائیں

303

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان کی جانب سے مستحق خاندانوں میں امدادی چیک کی تقسیم، اپنی استعداد کے مطابق فلاحی خدمات جاری رکھیں گے، وسعت کے لیے برادری کے صاحب حیثیت افراد آگے آئیں، مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر جام مدد علی آرائیں کے آبائی علاقے آرائیں ایگریکلچرل فارم ہاؤس خان پور میں ضرورت مند خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین چودھری ظفر اللہ آرائیں ایڈووکیٹ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر جام مدد علی آرائیں، لائرز ونگ حیدر آباد ڈویژن کے صدر محمد علیم آرائیں ایڈووکیٹ، حاجی عبداللطیف آرائیں، صوفی محمد اکرم آرائیں، اسد آرائیں، رئیس گلن خان آرائیں، جمن خان آرائیں، دلشاد بھٹو، سلیمان آرائیں، عثمان غنی آرائیں، امتیاز آرائیں، حاجی حشمت آرائیں سمیت اردگرد کے آرائیں برادری کے دیہات سے برادری کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چودھری ظفراللہ آرائیں ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان اپنی استعداد کے مطابق فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، ان میں وسعت کے لیے برادری کے صاحب حیثیت افراد کو آگے آنا ہوگا کیوںکہ فلاحی خدمات مخیر افراد کے مالی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ شرکاء میں مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان کی 4 سالہ کارکردگی پر مشتمل بروشر بھی تقسیم کیا گیا۔ حاجی عبداللطیف آرائیں نے قریبی گاؤں حسین بخش آرائیں کے سرکاری اسکول میں طالبعلموں کے بیٹھنے کے لیے بنچیں موجود نہ ہونے پر بیس بنچیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔