فائربریگیڈ ملازمین کو 3 ماہ کا فائر رسک الاؤنس دینے کا اعلان

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات واطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے ملازمین کو 3ماہ کا فائر رسک الاؤنس دینے کا اعلان کردیا ہے، وہ اتوار کوایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی اور میٹروپولیٹن کمشنر سید صلاح الدین احمد کے ہمراہ مرکزی فائر اسٹیشن کا دورہ کررہے تھے، اس موقع پر چیف فائر آفیسر مبین احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر بلدیات نے آگ بجھانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور فائر مینوں سے ملاقات کی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ میں عملے کی بھی کمی ہے بالخصوص ڈرائیورز کی جس کے لیے میں نے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی اس معاملے کو بھی حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فائر مین مشکل حالات میں کام کررہے ہیں مگر اس کام کے پیچھے ان کا جذبہ اور وہ عزم موجود ہے جو کسی بھی انسانی جان کو بچانے کے لیے دوسرے انسان میں ہونا چاہیے۔