پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں سے 12 افراد گرفتار کرلئے

206

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رینجرز اور پولیس نے شہر میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، رینجرز کے مطابق گرفتار شدگان میں کالعدم تحریک طالبان کے کارندے ،منشیات فروشوں اور ڈکیتوں کے علاوہ مسجد کے گلے سے چوری کرنے والابھی شامل ہے ، گرفتار شدگان کے قبضے سے دستی بم سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گلشن معمار میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت محمد خالد عرف منصور، اکرام اللہ اور یاسین عرف ابوحنظلہ عرف قاری کے نام سے ہوئی ،رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان کا تعلق ٹی ٹی پی کمانڈر قاری سعد بلال عرف ہمایوں گروپ سے ہے جو کراچی میں دہشت گردی کرنا چاہتے تھے، اور ا نہوں نے پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور کراچی ائر پورٹ کی ریکی کی ہوئی تھی۔ رینجرز ترجمان کے ملزموںنے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، جن کے مطابق ملزم یاسین نے کراچی میں اہم تنصیبات کی ریکی کی اور وڈیو بنائی۔رینجرزترجمان کے مطابق ملزم اکرام سوات میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہے، جبکہ ملزم محمد خالد گرفتار ہونے والے یاسین کا قریبی ساتھی اور تربیت یافتہ ہے،۔اجمیر نگری پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوروں کے 3رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزمان میں کامران ،اسد اور فیضان شامل ہیں جن کے قبضے سے 4مسروقہ موٹر سائیکلیںبرآمد ہوئیں۔ شرافی گوٹھ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث ملزم وقاص کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم سے ایک دستی بم اور موبائل فون برآمدہوا۔رضویہ پولیس نے بدنام منشیات فروش محمود باجوہ عرف سرائیکی کے ایک کارندے عرفان عرف موٹا کو گرفتار کرلیا۔بغدادی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران پھول پتی لین بغدادی لیاری سے ملزم محمد منیر ولد نورمحمد بلوچ کو گرفتار کر لیا ، ملزم کے قبضے سے 480 گرام چرس برآمد ہوئی ،جمشید کوارٹر پولیس نے ایک منشیات فروش آصف ولد پیر محمد کو گرفتار کر لیا۔بغدادی پولیس نے جمیلہ نامی خاتون سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے ملزم کو تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا ۔پی آئی بی پولیس نے ایک چھاپا مار کارروائی میںا نتہائی مطلوب منشیات فروش حیدر شاہ ولد محمد انور کو گرفتار کرلیا ۔