لاپتا افراد کی فہرست میں شامل بشیرشر میرپورخاص سے گرفتار

154

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہونے والا بشیر شر مسنگ پرسن کی فہرست میں شامل نکلا۔ بشیر شر کے لیے قوم پرست جماعتیں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کر چکی ہیں۔ پریس کلب کے باہر لاپتا افراد کے پوسٹر میں بھی بشیر شر کی تصویر شامل تھی۔ بشیر شر کو سی ٹی ڈی نے میر پور خاص سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اور بشیر شر کے اغوا کا مقدمہ بھی درج ہے تاہم سی ٹی ڈی کی جانب سے شہر میں چند ماہ کے دوران ہونے والے واقعات میں اسکے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے کارندے روپوش رہتے ہیں اور اہل خانہ لاپتا کی پٹیشن دائر کردیتے ہیں، بشیر شر کے لاپتا ہونے کہ عدالتی کیس کو چیک کیا جائے گا، بشیر شر کا تعلق کالعدم ایس آر اے سے ہے اور اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایسے افراد کے ورثا اس لیے پٹیشن دائر کرتے ہیں کہ کہیں انکا بندہ انکائونٹر میں نہ مارا جائے تاہم ہم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا اور ملزموں کا گروہ کراچی سمیت سندھ بھر میں حالیہ دستی بم حملوں کی سیریز میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری وفاقی ادارے کی نشاندہی سے عمل میں لائی گئی ۔