خادم حسین رضوی کی گفتگو تادیر قائم رہے گی، لیاقت بلوچ

1105

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی خطابت،کلام اقبال اور اسلامی تاریخ سے مزین گفتگو تادیر قائم رہے گی۔

لیاقت بلوچ  نے کہاکہ  خادم حسین رضوی نے قلیل مدت میں عشق مصطفی ﷺ کے جذبوں کو فراوانی دی اور پورے ملک میں ایک لہر پیدا کی، دینی جماعتوں اور نظام مصطفی ﷺ کی جدوجہد کرنے والوں کا یہ مشترکہ نقصان ہے ، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے ۔

لیاقت بلوچ  کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی معاشرے کے ہر محب دین اور محب وطن شخصیات کو اسلام کی حکمرانی اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی جدوجہد میں ساتھ لیکر چلے گی، بھارت ،امریکہ اور اسرائیل کے عزائم ملک و ملت کیلئے گھمبیر خطرات بڑھاتے رہیں گے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلام  اور آئین سے انحراف کی وجہ سے پاکستان خطرات میں گھر گیا ہے،قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور غریب عوام کے مسائل کے حل کے لیے قومی قیادت کو متحد ہونا ہوگا، کرونا کی آڑ میں حکومت مخالف عوامی جذبوں کو روکنااب حکومت کے بس میں نہیں ۔