کورونا: بھارتی شہریوں کی واپسی کا سلسلہ پھر شروع

314

اسلام آباد: کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور سفری پابندیون کے سبب پاکستان میں پھنس جانے والے بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان میں پھنسے بھارتی شہریوں اور نوری (ہندوستان واپس آنے پر کوئی اعتراض نہیں) ویزہ ہولڈرز اور انکے اہل خانہ کی لسٹ جاری کر دی جبکہ واپس لوٹنے والے بھارتی شہریوں کی باحفاظت اور بھارت واپسی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گیے ہیں۔

میڈیا کے  مطابق کورونا کے باعث 135 نوری (ہندوستان واپس آنے پر کوئی اعتراض نہیں) ویزہ ہولڈرز، 75 بھارتی شہری اور 11 نوری ویزہ ہولڈرز کے اہلخانہ 23 نومبر کو بھارت روانہ ہوں گے جبکہ  بھارتی ہائی کمشن کا کہنا ہےکہ پاکستان میں پھنسے 221 شہریوں اور ویزہ ہولڈرز کی واپسی میں مکمل سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

ترجمان بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق بھارتی شہریوں اور نوری ویزہ رکھنے والے شہریوں کی واپسی واہگہ اٹاری بارڈر کے راستے سے ہوگی جبکہ ترجمان پاکستان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ واپس لوٹنے والے بھارتی شہریوں اور نوری ویزہ رکھنے والوں کی باحفاظت بھارت واپسی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔