آرمی چیف نے ذمے داروں کو ہٹاکرفوج کو عزت دی ، جاوید ہاشمی

192

ملتان (آئی این پی) سینئرسیاستدان ومسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے کراچی واقعے کے ذمے داروں کو عہدوں سے ہٹاکرفوج کو عزت دی ہے، عمران خان میں ذمے داری کا فقدان ہے، اپنی حکومت کی نالائقیوں کا دھبا اداروں پر لگانا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم کی تحریک کا فائنل راؤنڈ شروع ہونے والا ہے، نہیں چاہتے کہ حالات تصادم کی طرف جائیں۔ منگل کو ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ آج کا دن نہایت اہم ہے،70سال میں پہلی بار ہوا، فوجی قیادت کے فیصلے کو سراہتا ہوں،عمران خان سندھ پولیس کے سربراہ کے اغوا کے معاملہ کو ڈراما قراردیتے رہے،کسی ملک کا وزیراعظم اتنا کھل کر جھوٹ بولے تو ایسا شخص اس منصب پر فائض رہنے کا حق نہیں رکھتا،جو پہلے اس واقعے کو ڈرامے کہتے رہے،آئی ایس پی آر کے بیان پر اب وہ کہہ رہے ہیں کہ اس پر بھی مسلم لیگ کو سزادی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واقعہ کے ذمے داروں نے جو طریقہ اختیار کیا اس سے پوری قوم میں ہیجان کی کیفیت پیدا ہوئی،ان ذمے داران کیخلاف کارروائی ملک میں جمہوری استحکام کی جانب اہم قدم ہے۔