سکھر، خطیر رقم سے تعمیر ہونے والی نکاسی آب لائن پھر خراب

292

 

سکھر (نمائندہ جسارت) خطیر رقم سے تعمیر ہونے والی شہر کی مین نکاسی آب لائن ایک بار پھر خراب ہوگئی، پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے دو روز گزرنے کے باوجود مرمتی کام جاری، ٹریفک کی آمدو رفت میں مشکلات، مرمتی کام جلد مکمل کرانے کا مطالبہ۔ بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے چند ماہ قبل پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے سے گزرنے والی مین نکاسی آب لائن خطیر رقم سے مرمت ہونے کے بعد ایک بار پھر خراب ہوگئی، نکاسی آب لائن کی درستگی کے سلسلے میں عملے نے ایک بار پھر سڑک کھود ڈالی ہے اور گزشتہ دو روز سے جاری مرمتی کام شروع ہونے کے باوجود ابتک مرمتی کام مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ کھدائی کے باعث مٹی و ملبے سڑک پر پڑے ہونے کے نتیجے میں گزرنے والی ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سکھر کے شہریوں سمیت سماجی حلقوں نے خطیر رقم سے تعمیر ہونے والی نکاسی آب لائن دوبارہ خراب ہوجانے پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں تو ناکام دکھائی دیتی ہے لیکن اب ترقیاتی اور مرمتی کاموں میں بھی ناقص کارکردگی نے انتظامیہ کے پول کھول دیے ہیں۔ شہر سکھر کی مین نکاسی آب لائن دوبارہ خراب ہونا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے صوبائی وزیر بلدیات، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، میونسپل کمشنر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ سکھر، محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجینئر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر مرمتی کام جلد مکمل کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔