حکومت سے صنعتی پالیسی کا فوری اعلان کرائیں گے،خالدتواب

267

کراچی (6نومبر2020) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائے2021 میں یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی) اورنیشنل بزنس گروپ( این بی جی) الائنس کے مشترکہ امیدوارخالدتواب نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی الیکشن میں کامیابی کے بعدحکومت کو بزنس کمیونٹی کی وہ تمام مشکلات سے آگاہ کریں گے جس سے نہ صرف کاروباری معاملات بہتر ہوں بلکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی تجارت اور کاروباری برادری کو جونقصان پہنچا ہے اس کا ازالہ ہوسکے،ہم حکومت سے صنعتی پالیسی کا فوری اعلان کرائیں گے جبکہ حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ پالیسیاں فیڈریشن چیمبر کی مشاورت سے تیار ہوں۔انہوں نے یہ بات یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر سے ملاقات کے لیے آنے والے تاجرنمائندوں سے گفتگو کے دوران کہی۔اس موقع پرسیکرٹری جنرل زبیرطفیل، مرکزی ترجمان گلزارفیروز،سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق حلیم،شیخ عمرریحان،نوراحمدخان، شاہین الیاس سروانہ بھی موجود تھے۔خالدتواب نے کہا کہ وہ فیڈریشن کا صدر منتخب ہوکر بزنس کمیونٹی سے روابط کا سلسلہ مربوط بنیادوں پر برقرار رکھیں گے تاکہ ان کے مسائل کو نہ صرف سمجھ سکیں بلکہ انہیں حل کرانے کے لیے حکومت تک پہنچا سکیں۔خالد تواب نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا کا مقابلہ بہتر انداز میں کیا گیا۔