شجرکاری مہم کا دائرۂ کار کشمور تک بڑھائیں گے،مرتضیٰ وہاب

91

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان ، مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں بوہری کمیونٹی کے تعاون سے شجرکاری مہم میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے شہر اور صوبے کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوہری کمیونٹی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ شجرکاری اور دوسرے خیر کے کاموں میں ساتھ دیا ہے، ہم شجرکاری مہم کا دائرہ کار کراچی سے کشمور تک بڑھائیں گے۔ ہم سب اگر ایک ایک پودا بھی لگائیں تو یہ ہمارے ماحول کو خوبصورت بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ضلع جنوبی میں وائی ایم سی اے گراؤنڈ پرقائم تجاوزات ختم کردی گئی ہیں، یہ عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا اور ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے لوگ اس گراؤنڈ میں تفریح کرسکیں، اس حوالے سے وائی ایم سی اے گراؤنڈ پر سندھ حکومت پانچ کروڑ روپے خرچ کررہی ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ترجمان سندھ حکومت نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں وفاقی وزیر شبلی فراز کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں کہ وہ سامنے بیٹھ کر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ شبلی فراز حقائق کو مسخ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی وفاقی اور پنجاب حکومت نے گندم خریدنے کے ٹارگٹ پورے نہیں کیے ہیں۔