جبری و انتقامی تبادلہ، ایپکا کی ضلعی تعلیمی دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال

110

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کی اپیل پر ضلعی تعلیمی دفاتر پرائمری اور ایلیمنٹری سکینڈری ایسٹ ، ویسٹ و دیگر دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی اور دفاتر میں تالا بندی بھی کی گئی ۔ایپکا نے دھمکی دی ہے کہ مبینہ کرپشن ظاہر کرنے پر اظہر بھٹو کے تبادلے کی مذمت کرتے ہیں،اگر جبری تبادلہ منسوخ نہ کیا گیا تو وزیر تعلیم کے دفتر کے باہر بھی احتجاج کیا جائے گا ۔جمعرات کو گریڈ ایک تا سولہ کے غیر تدریسی ملازمین نے ایپکا کے رہنما کے جبری و انتقامی تبادلہ کے خلاف ایپکا کراچی ڈویژن کے صدر سید توقیر احمد شاہ ، ایپکا ایجوکیشن کراچی کے صدر ملک خورشید احمد قادری ، ایپکا رہنمائوں ، محبوب احمد ، محسن ملاح ، اظہر بھٹو ، ذیشان احمد ، زوہیب خان و دیگر رہنمائوں نے ایپکا ایسٹ کے دفتر میں احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایپکا ایسٹ کے صدر اظہر بھٹو نے محکمہ تعلیم کی سابق ڈی ای او ایسٹ انیسہ بگھیو ٹی ای او جمشید ٹاؤن ایسٹ ذاکر بھرگڑی کی مبینہ کرپشن ظاہر کرنے پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ایپکا ایسٹ کے صدر اظہر بھٹو کاتبادلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایپکا ایسٹ کے صدر اظہر بھٹو کا تبادلہ منسوخ کیا جائے۔ کلرکوں کیخلاف سازشیں بند کی جائیں۔ اگر ایپکا ایسٹ کے صدر اظہر بھٹو کا تبادلہ منسوخ نہیں کیا گیا تو صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کے دفتر کے سامنے اور کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا جائے گا ۔