لیدر کونسل کے قیام کا جائزہ لیا جارہا ہے،مشیر تجارت

285

کراچی( اسٹاف رپورٹر) چمڑے کی صنعت سے وابستہ ایکسپورٹر ز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صنعتکار ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔یہ بات وفاقی مشیر تجارت رزاق داؤد نے پاکستان لید رگارمنٹس مینوفیکچرراینڈ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن(پلگمیا)کے چیئرمین دانش خان کی سربراہی میں لیدر انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں پر مشتمل وفدسے ملاقات کے موقع پر کہی۔ وفد میں فواد اعجاز خان، ایس عرفان اقبال،عاطف اشرف، چوہدری احمد ذوالفقار حیات، امان اللہ آفتاب او راشد ظہور کے علاوہ وفاقی سیکرٹری تجارت صالح فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رزاق داؤد نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے حکومت زیادہ سے زیادہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے وفد کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ لیدر کونسل کے قیام کا جائزہ لے کر جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔پلگمیاکے وفد نے وفاقی مشیر تجارت رزاق داؤد اور سیکرٹری تجارت صالح فاروقی سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر پلگمیادانش خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی محنت سے ملکی برآمدات میں اضافہ شروع ہوا ہے۔ دانش خان نے کہاکہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ انڈسٹریل سپورٹ پیکج کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے اسی سمت میں اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔