لاڑکانہ ، عوامی اتحاد کا ہنگامی اجلاس،ڈاکٹرصفدرعباسی کنوینر مقرر

125

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی مخالف لاڑکانہ عوامی اتحاد کا ہنگامی اجلاس، شہر کے ولید محلہ کوٹ داراب خان عباسی میں ہوا جس میں سابق سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر علی عباسی، پی ٹی آئی سندھ کے سابق صدر امیر بخش خان بھٹو، جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی، جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود، ضلعی امیر مولانا ناصر خالد محمود سومرو اور انڑ اتحاد کے رہنما عادل خان انڑ نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتحاد کے کنوینر اور سابق رکن سندھ اسمبلی حاجی منور علی عباسی کے انتقال پر متفقہ طور پر سابق سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر علی عباسی کو اتحاد کا کنوینر مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام رہنماؤں کے تعاون اور مشاورت سے مستقل کا لائحہ عمل طے کریں گے، لاڑکانہ عوامی اتحاد کی جانب سے تمام جلد عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی اور لاڑکانہ ضلع کے چاروں تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں عوامی رابطہ مہم کے ذریعے عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اتحاد کے تمام رہنما شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی لاڑکانہ عوامی اتحاد ضلعی کے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز، ٹائون کمیٹیز اور یونین کونسل کے تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور جلد عوامی جلسے بھی منعقد کیے جائیں گے۔