کراچی کے مسائل حل کرنے کیلیے اداروں کو خود مختار بنانے کی تجویز

177

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کوآرڈینیشن کمیٹی برائے فیڈرل پروجیکٹس نے سندھ میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو پالیسی تشکیل دینے کی اجازت دے دی جبکہ آپریشنل مقاصد کے لیے کراچی سمیت ضلعی / ڈویژ نل سطح پر الگ الگ خودمختار ادارے تشکیل دیے جائیں گے۔ ایس بی سی اے کے لیے بھی اسی طرح کی تجویز پیش کی گئی۔یہ بات وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر اور امین الحق ، صوبائی وزیرسعید غنی ، ناصر شاہ ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور دیگر نے شرکت کی۔ رابطہ کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ سڑکوں سے کچرا نہیںاٹھایا نہیں جاتا جس کی وجہ سے کوڑا کرکٹ نالوں میں بھر جاتا ہے اور انہیں چوک کردیتا ہے۔اجلاس میں کراچی ، حیدرآباد ، لاڑکانہ ، سکھر ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد میں شہروں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے خود مختار الگ الگ باڈیز بنانے تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں ماسٹر پلان کے مطابق نالوں کے ڈیزائن کیلیے کنسلٹنٹ کے تقررکی تجویز پیش کی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کے فور پروجیکٹ کو تبدیل کیا جارہا ہے ، چیئرمین واپڈا 5 نومبر کو کے IV سائٹ کا دورہ کرینگے، منصوبے کی تکمیل وفاقی حکومت کو تفویض کردی گئی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ھالیجی سے پانی کی65 ایم جی ڈی فراہمی کو بڑھا کر 130 ایم جی ڈی کیاجاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ بلدیات / واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ پانی فراہمی کے نظام کو بہتر کرنے کیلیے وال مین اور غیر قانونی کنکشن / ہائیڈرنٹس کے خاتمے کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائیں۔ اجلاس میں تھڈو ڈیم کی گنجائش میں اضافہ کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔