نقیب اللہ قتل کیس: استغاثہ کا گواہ اے ایس آئی‘ بیان سے پھر گیا

216

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نقیب اللہ قتل کیس میں استغاثہ کا گواہ اے ایس آئی ارسلان بیان سے منحرف ہوگیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت پر استغاثہ کے گواہ اے ایس آئی ارسلان بیان کیلیے پیش ہوئے اور بیان دیا کہ 31 مارچ کو میں تھانہ ملیر کینٹ میں ڈیوٹی افسر تھا، ڈاکٹر رضوان سمیت دیگر جے آئی ٹی ارکان ملیر کینٹ تھانے آئے، جے آئی ٹی کے کہنے پر راؤ انوار کو بلوایا گیا، راؤ انوار تھانے میں پیش ہوئے، جے آئی ٹی ٹیم 2 گھنٹے تھانے میں بیٹھی رہی۔ سرکاری وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ جے آئی ٹی ٹیم کے ساتھ موقع واردات پر گئے تھے؟ گواہ کا کہنا تھا کہ میں وہاں نہیں گیا، جے آئی ٹی ٹیم نے تھانے میں بیٹھ کر کام کیا۔ پراسیکیوٹر نے سوال کیا کہ آپ کسی کے دباؤ پر بیان تبدیل کر رہے ہیں؟ گواہ کا کہنا تھا کہ میں نے قسم کھائی ہے جھوٹ نہیں بول رہا۔ ایس ایس پی عابد قائمخانی کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا عدالت کا کہناتھا کہ کیوں پیش نہیں ہوئے؟ آئندہ سماعت پر بہر صورت پیش ہوں۔ وارنٹ سے متعلق رپورٹ پیش نہ کرنے پر بھی عدالت نے تفتیشی حکام پر برہمی کا اظہار اور سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔