ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے، ترجمان پاک فوج

478

راول پنڈی: ترجمان پاک فوج نے ابھی نندن  کی رہائی س متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے پاکستان کی فتح متنازعہ بنانے کی کوشش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس ایک نکاتی ایجنڈا ہے اور ریکارڈ کی درستگی کے لیے بات کرنا چاہتا ہوں، گزشتہ روز ایک بیان دیا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کرنے کی بات کی گئی، ایسے منفی بیانیے کے قومی سلامتی پر براہ راست اثرات ہوتے ہیں، یہ بیانیہ بھارت کی ہزیمت کو کم کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، جس کا دشمن بھرپور فائدہ اٹھا رہاہے اور اس کی جھلک آج بھارتی میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہے، ان حالات میں جب دشمن قوتیں پاکستان پر ہائبرڈ وار مسلط کر چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو منہ کی کھانی پڑی، دشمن کے جہاز جو بارود پاکستان کے عوام پر گرانے آئے تھے، وہ خالی پہاڑوں پر پھینک کر چلے گئے، جواب میں افواجِ پاکستان نےقوم کے عزم و حمیت کے عین مطابق ہندوستان کو دن کی روشنی میں جواب دیا، دشمن کے 2 جہاز گرائے، پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا، اللہ کی نصرت سے ہمیں ہندوستان کے خلاف واضح فتح نصیب ہوئی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، پاکستان کی فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے، یہ چیز کسی بھی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں ہے، ابھی نندن کو جینیوا کنونشن کے تحت رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان کے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ایک موقع دیتے ہوئے ابھی نندن کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کے ابھی نندن کے رہا کرنے کے فیصلے کو پوری دنیا نے سراہا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ موجودہ بیان بازی کے باعث فوج میں ہرسطح پرغم وغصہ ہے، مسلح افواج کی قیادت اور رینک اینڈ فائل کو جدا نہیں کیا جاسکتا، مسلح افواج کی قیادت اوررینک اینڈ فائل اکائی ہے اور رہے گی، مسلح افواج میں سپہ سالار سے جوان تک سب ایک ہیں، جب کسی ادارے کے سربراہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کا مطلب پوری فوج کو نشانہ بنانا ہے۔

محمد زبیر کا دعویٰ غلط ہے

ترجمان پاک فوج نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے بیان پر کہا کہ کی جانب سے گزشتہ روز دیے گئے بیان کو بھی غلط قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ محمد زبیر نے کل کہا کہ ان کی آرمی چیف سے ملاقات پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے آدھا سچ بتایا، میں نے آدھا سچ نہیں بطور ترجمان پاک فوج پورا سچ بتایا، سچ صرف ایک مرتبہ بولنا پڑتا ہے، سچ بار بار نہیں بولاجاتا اور جو ہم نے بولا ہے وہ آن ریکارڈ ہے۔