اسمال ٹریڈرزکافرانسیسی مال کو نذر آتش کرنے کا اعلان

222

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرزاینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا ہے کہ ملک کے تاجر کسی بھی صورت میں اپنے آقا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کی ناپاک سازشیں برداشت نہیں کریں گے اور فرانسیسی حکومت کی سرپرستی میں چلنے والی شرمناک مہم کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے توہین رسالت کی اس شرمناک مہم کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا اسمال ٹریڈرز کے صدر نے اعلان کیا کہ آج سے پورے کراچی میں فرانسیسی مصنوعات کی بائیکاٹ کی بھرپور مہم چلائی جائے گی اور شہر کی ہول سیل وریٹیل مارکیٹوں میں تاجروں کو بائیکاٹ فرانسیسی مصنوعات مہم میں شامل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم فرانسیسی حکومت کے شرمناک فعل پر نہ صرف ان کے مال کی فروخت پر پابندی لگائیں گے بلکہ اس کو نذر آتش بھی کریں گے ۔ وہ بدھ کو اسمال ٹریڈرز کی مجلس عاملہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس سے سینئر نائب صدر سید لیاقت، نائب صدر جاوید حاجی عبداللہ سید نوید احمد، جنرل سیکرٹری عثمان شریف اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اور عظمت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ربیع الاول میں کراچی میں عظیم الشان عظمت رسول ؐ کانفرنس منعقد کی جائے گی، تاجر رہنماؤں نے حکومت پاکستان اور مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ حرمت رسولؐ کے مسئلے پر جرأتمندانہ موقف اختیار کریں، تاجر رہنماؤں نے ترکی کے صدر طیب اردوان کے جرأت مندانہ اقدامات کو سراہا اور اسے مسلم حکمرانوں کے لیے نمونہ قرار دیا۔