گستاخانہ خاکے: وزیراعظم نے مسلم حکمرانوں کو خط لکھ دیا

354

اسلام آباد: گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف وزیراعظم عمران خان نے اسلامی ممالک کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔

خط میں وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ہے کہ مسلم ممالک توہین رسالتؐ اور اسلاموفوبیا کےخلاف متحد ہوجائیں۔ اسلامی ممالک گستاخانہ خاکوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

وزیراعظم نے خظ میں کہا کہ مغربی دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہودیوں کے ہولوکاسٹ کے خلاف آواز اٹھانے کا طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ مغرب کو بتانا ہوگا کہ نبی پاکﷺ کی ذات ہمارے لیے کتنی مقدس ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ متحد ہوکر دنیا کو واضح پیغام پہنچائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیادت کی سطح پر حالیہ بیانات اور قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات بڑھتے اسلاموفوبیا کی عکاس ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ مسلم دنیا کے رہنما متحد ہوکر پوری دنیا کو ایک پیغام دیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اور ہمارے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملے بند ہونے چاہییں۔ آج ہم اپنی امت میں بڑھتی تشویش اور بےچینی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمیں مغربی دنیا کو سمجھانا چاہیے کہ ہر مذہب کے اقدار کا اپنا الگ نظام ہے۔