ائیر پورٹ سے نومولود بچہ ملنے پر آسٹریلیا اور قطر میں تنازعہ

530

دوحہ: قطر میں دوحہ انٹرینشنل ایئر پورٹ سے نومولود بچہ ملنے پر آسٹریلیا اور قطر کے درمیان تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے، حکام نے خواتین مسافروں کی تلاشی لی ہے، جس پر آسٹریلیا نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور قطر سے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سڈنی جانے والی پرواز روانہ ہونے والی تھی، لیکن اس دوران ایئر پورٹ پر ایک نومولود  بچہ ملا، بچے کا پتہ چلنے پر قطری حکام نے سڈنی جانے والی پرواز روک لی، اور طیارے میں سوار 13 خواتین مسافروں کو جہاز سے اتار لیا،جن میں دو آسٹریلوی خواتین بھی شامل تھیں، انہیں واپس لاؤنج میں لے جایا گیا، جہاں ایک لیڈی ڈاکٹر موجود تھی، جس نے ان خواتین کا طبی معائنہ شروع کردیا، تاکہ پتہ چلایا جاسکے کہ نومولود بچہ ان میں سے کسی کا تو نہیں تھا۔

لیڈی ڈاکٹر نے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ حال ہی میں کس نے بچے کو جنم دیا ہے، بعد ازاں معائنے اور تلاشی کے بعد 4 گھنٹے تاخیر سے مسافروں کو جانے کی اجازت دی گئی۔

دوسری طرف آسٹریلوی حکومت نے دوحہ ائیر پورٹ پر اپنی خواتین شہریوں کی اس طرح تلاشی اور چیک اپ پر احتجاج کیا ہے، آسٹریلوی وزیر خارجہ نے واقعہ کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے قطر کو دوٹوک الفاظ میں اپنی تشویش  پہنچادی ہے، اور ان کے جواب اور رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد ہم اگلا فیصلہ کریں گے۔