جامعات میں کشمیر اور گلگت کی نشستیں بڑھادیں، وزیر اعلیٰ سندھ

326

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ یونیورسٹیزاینڈ بورڈزکے اجلاس میںآزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کیلیے سرکاری جامعات میں 58 نشستوں کااضافہ کردیا۔ اجلاس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز علم الدین بلو ، پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سندھ میں 25 پبلک سیکٹر کی جامعات میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی 162 نشستیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی نشستوں کا صوبے کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پی ایم ڈی سی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے کی 9پبلک سیکٹر جامعات میں58 نشستوں کے اضافے کی اجازت دے دی ہے جبکہ باقی 16 یونیورسٹیوں کیلیے اجازت زیر عمل ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر فتح مری اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے چارٹر کے تحت کام کرنے والی جامعات کی نگرانی اور انکاجائزہ لے گی جبکہ اسکی منظوری وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے پاس ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں نے اپنی صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن قائم کردی ہے۔ صوبائی ووفاقی اور صوبائی ایچ ای سی تعلیم کے معیار میں بہتری لانا چاہتی ہیں۔چیئرمین نے دونوں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مابین تعطل کا حل تلاش کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کی دلچسپی کی تعریف کی۔