پی ڈی ایم کے جلسے میں قومی زبان کیخلاف بات کرنے کی مذمت کرتے ہیں

452

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما پاکستان (نورانی) کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد یونس دانش نے اے پی ڈی ایم کے جلسہ میںاردو زبان کے خلاف اپوزیشن رہنماؤں کی تضحیک کوشہدا کے لہو سے غداری قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی زبان سے عداوت رکھنے والے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن اپنی صفوں سے نکال باہرکرے، مولانافضل الرحمن سمیت تمام اپوزیشن رہنما فوری طور پر قوم سے معافی مانگیں،قومی رہنماؤں کے منہ سے لسانی عصبیت کی باتیں زیب نہیں دیتیں اپوزیشن کس کے اشارے پراپنی ناکام سیاست کا بدلہ قوم اور افواج پاکستان سے لینے کے منصوبہ پر عمل پیر ا ہے، پاک فوج نے جانوں کے نذرانے دے کرملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے فوج کی کردار کشی کا سلسلہ فوری طور پربند کیا جائے اس وقت ملک مہنگائی بے روزگاری ،غربت ، بیڈ گورنراور کشمیر جیسے سلگتے ہوئے اہم قومی مسائل سے دوچار ہے جس پر توجہ دینے کے بجائے پی ڈی ایم اداروں کے خلاف بدزبانی کررہی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی پر روز مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن مغربی استعماری قوتیں پیغمبر اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے بین المذاہب ہم آہنگی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں جو یو این او کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ فرانس کی سرکاری عمارت پر حضور ﷺ کے گستاخانہ خاکے دکھائے گئے درجنوں اسلامی ممالک کی فوج کا کیا فائدہ اگر وہ اپنے نبی ﷺ کی شان میں ہونے والی گستاخی کو نہ روک سکیں۔