ایک اور بی آر ٹی بس خراب ہوگئی، مسافر پریشان

485

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی بس 38 روز بعد پھر حیات آباد اسٹیشن کے قریب تکنیکی خرابی کے باعث رک گئی۔

ترجمان بی آر ٹی کے مطابق بس میں کلچ کا معمولی مسئلہ آیا جس کے باعث چلنا بند ہوگئی۔ بس میں تکنیکی خرابی کو فوری طور پر دور کردیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات گاڑیوں میں ہونا معمول ہے، تشویش کی بات نہیں۔

بسوں میں آگ لگنے کے واقعات اور تکنیکی خرابیوں کے باعث 17 ستمبر 2020 کو بی آر ٹی سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بی آر ٹی کو دوبارہ آزمائش کے لیے 17 اکتوبر 2020 کو بحال کیا گیا اور آج پھر بس تکنیکی خرابی کا شکار ہوکر بیچ سڑک پر رک گئی۔

13 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے بی آر ٹی کا افتتاح کیا تھا اور ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔