چینی اثررسوخ کیخلاف امریکا کا بلقان ممالک سے معاہدہ

178

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے چین کے بڑھتے اثر رسوخ کے خلاف فائیو جی انفرا اسٹرکچر سے متعلق بلقان کی 3 ریاستوں کے ساتھ سیکورٹی معاہدہ کیا ہ جب کہ اس سلسلے میں یورپی یونین اور امریکا کے درمیان مذاکرات بھی شروع ہونے جا رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی مقدونیا، کوسووو اور بلغاریا نے تیز رفتار انٹرنیٹ کی سیکورٹی کے حوالے سے امریکا کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق صاف نیٹ ورک معاہدے کا مقصد ڈیٹا کے تحفظ اور آزاد دنیا کو انسانی حقوق اور سیکورٹی کے معاملے پر چین سے لاحق خطرات کا خاتمہ کرنا ہے۔ فائیو جی نیٹ ورک پر چینی کمپنیوں کی بڑھتی اجارہ داری کے بارے میں امریکا مسلسل تشویش کا اظہار کرتا آیا ہے جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا میں چین کی ہواوے جیسی کمپنیوں پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ امریکا اپنے اتحادی ممالک سے بھی چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ہواوے جیسی کمپنیاں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے چین کے خفیہ اداروں کے لیے جاسوسی کا کام کریں گی۔ دوسری جانب چین اور ہواوے نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ واضح رہے کہ بلقان کی ریاستوں اور امریکا کے مابین فائیو جی نیٹ ورک کے بارے میں معاہدے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکا اور یورپی یونین کے مابین چین سے متعلق دوطرفہ مذاکرات بھی شروع ہو رہے ہیں۔ دونوں ہی فائیو جی نیٹ ورک میں چین کی اجارہ داری پر تحفظات کا شکار ہیں۔