قوم صبر کرے، پاکستان طاقتور ملک بنے گا، وزیراعظم

364

عیسیٰ خیل(مانیٹر نگ ڈ یسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو تھوڑا صبر کرنا ہے پاکستان دنیا کا طاقتور ملک بنے گا‘ قومیں کپاس اور کپڑا فروخت کرنے سے نہیں بلکہ انسانوں پر اور تعلیم پر پیسہ لگانے سے امیر ہوتی ہیں ۔ عیسیٰ خیل میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ سوال پوچھتے ہیں کہ عثمان بزدار کو کیوں وزیراعلیٰ بنایا، جو لوگ لندن میں علاج کرائیں انہیں کیسے پسماندہ افراد کا احساس ہو گا، عثمان بزدار کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے، انہیں عوامی مسائل کا ادراک ہے، 2 ، 3 شہروں پر پیسہ لگانے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کا اصول تھا کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں، طاقتور اور کمزور دونوں پر قانون کا یکساں اطلاق ہو، قانون کی بالادستی کا مطلب کمزور کو اوپر اٹھانا ہے، میں نے یہاں کے حالات دیکھے ہیں،جہاں ظلم ہو وہاں اللہ کی برکت نہیں آتی، کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم اور ناانصافی کا نہیں، آئی جی پنجاب کو ہدایت کرتا ہوں کہ تھانوں میں غریبوں پر ظلم نہیں ہونا چاہیے، کمزور بیچارے جیلوں میں ہیں اور بڑے چور لندن میں ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب لوگ کہتے تھے کھلاڑی کیسے سیاست کرے گا تو میانوالی میرے ساتھ کھڑا ہوا، تحریک انصاف کو پہلی نشست یہاں سے ملی،آپ لوگوں کو تھوڑا صبر کرنا ہے پاکستان دنیا کا طاقتور ملک بنے گا۔