فیٹف اجلاس: پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

777

پیرس:فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پیرس میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا تین روزہ اجلاس ختم ہوگیا ہے، صدر فیٹف نے 3 روزہ ورچوئل اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہے گا، پاکستان نے 27 میں سے 21 نکات پر عمل درآمد کیا ہے، انہیں باقی 6 نکات پر بھی عمل درآمد کرنا پڑے گا۔

صدر فیٹف نے کہا کہ پاکستان میں 27 نکات پر عمل درآمد کی پیشرفت اوراس کی خواہش پائی جاتی ہے، اسے بلیک لسٹ میں ڈالنے کی ضرورت نہیں،انہیں دیگر نکات پرعمل درآمد کیلئے مزید وقت دینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوباقی 6 نکات پربھی عمل درآمد کرنا پڑےگا،پاکستان کو  فروری 2021 تک باقی نکات پر عملدرآمد کیلئے وقت دیا گیا ہے،اگلے اجلاس سے پہلے چیک کریں گےکہ پاکستان ان نکات پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کررہا ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جن 6 نکات پر عمل کرنا ہے وہ بہت اہم ہیں، حکومت پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان پرعملدرآمد کرے گی اور پاکستان نکات پرعملدرآمد کے حوالے سے پیشرفت کررہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کا نام جون 2018 سے فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل ہے۔