برطرفی کیخلاف دھرنا، ریڈیو پاکستان کے 21 ملازمین گرفتار

521

اسلام آباد: برطرفی کیخلاف دھرنا دینے پر ریڈیو پاکستان کے 21 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا.

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے 749 ملازمین کو برطرف کردیا ہے، جس پر ریڈیو پاکستان کے ملازمین  کی جانب سے برطرفی کیخلاف دھرنا دینے پر پولیس نے 21 احتجاجی ملازمین کو گرفتار کرلیا.

پولیس کے مطابق ریڈزون میں دھرنا دینے پر مظاہرین کیخلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا جبکہ پولیس کی جانب سے صبح 6 بجے ملازمین کو گرفتار کیا گیا.

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے 749 ملازمین کو برطرف کردیا تھا، ریڈیو پاکستان کے برطرف ملازمین نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی.احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے.

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کے ملازمین کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کا سالانہ بجٹ 7 ارب روپے ہے لیکن بجٹ کا بہانہ بناکر ہمیں نکالا جارہا ہے وفاقی حکومت نے نوکریوں کا وعدہ کرکے 749 خاندانوں کو لاوارث کردیا.