حکومت مہنگائی کا جن قابو کرنے میں ناکام

94

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آئے روز قیمتیں بڑھنے سے تاجر و صنعتکار حضرات میں اَب سکت باقی نہیں رہی جس سے وہ اپنی فیکٹریاں چلاسکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ لائف سیونگ ادویات کی قیمتوں میں پہلے 262 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا اور اَب 35 فیصد تک اضافے نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور چیئرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی سے مطالبہ کیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ملک کی ترقی کے لیے نئی پالیسیاں ترتیب دیں جس سے تاجر و صنعتکار برادری مستفیض ہو اور اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے معروف تاجر رہنماء اور سابق رُکن ایگزیکٹیو کمیٹی محمد ادریس میمن کی جانب سے حیدرآباد کلب میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے پُر تکلف دعوت کا اہتمام کرنے پر ادریس میمن کا شکریہ ادا کیا۔ اِس سے قبل آئے ہوئے مہمانوں کو ادریس میمن نے سندھ کے روایتی تحائف پیش کیے۔ اِس موقع پر سرپرست چیمبر سیٹھ محمد امین کھتری، حاجی محمد یعقوب، سلیم عمر میمن، رُکن سندھ اسمبلی ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن، سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، جامشورو چیمبر کے سینئر نائب صدر عدیل صدیقی، سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین پرویز فہیم نوروالا اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔