منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،میاں زاہد

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی عوام کے ساتھ ملکی معیشت کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام کی بڑی تعداد کی تنخواہوں میں کمی نے صورتحال کوتشویشناک بنا دیا ہے۔کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خطرے کے باوجودبڑی تعداد میں مختلف پارٹیوں کے ورکرز اور سرکاری ملازم نتائج سے بے پروا ہو کر احتجاج کر رہے ہیں جس سے نہ صرف وہ متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ وہ اپنے گھروں میں بھی وائرس پھیلا سکتے ہیںجس کے نتائج خطرناک ثابت ہوں گے۔ ایسا ہوا تو دوبارہ لاک ڈائون کرنا پڑے گا جس سے معیشت خراب اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ مہنگائی سے پریشان سرکاری ملازمین اور ہیلتھ ورکرز وغیرہ تنخواہوں میں اضافہ اوربہتر حالات کار کے لیے احتجاج کر رہے ہیں جس سے وبا پھیل سکتی ہے جس کے نتیجہ میں صحت کے بحران اورلاک ڈائون جیسے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں۔احتجاج کی ایک وجہ قیمتوں پر قابو پانے میں ناکامی اور بے نتیجہ دلاسے ہیں جبکہ قوت خرید کے خاتمہ پر احتجاج کرنے والے یہ ماننے کو تیار نہیں کہ یہ سب سابقہ حکومت کا کیا دھرا ہے۔