تبدیلی کے دعوے مٹی کا ڈھیر ثابت ہوئے، حسین محنتی

512

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں مہنگائی کے خاتمے کے لیے مثبت اقدامات کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ تبدیلی اور عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے تاحال مٹی کا ڈھیر ثابت ہوئے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے اور ایک کلو چینی کی قیمت 110 روپے تک پہنچ گئی اور ابھی یہ سلسلہ جاری ہے لیکن وزیراعظم عمران خان قوم کو ہر روز نئی نوید سناتے رہتے ہیں جو کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ بیرون ملک سے گندم کے جہاز پہنچ گئے لیکن آٹا آج بھی 70 سے 85روپے تک فی کلو فروخت ہورہا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے بجائے سارا زور اپوزیشن کی تحریک کو ناکام کرنے پر لگایا ہوا ہے، حالت یہ ہے کہ گندم کی نئی بوائی کے لیے بیج تک کسانوں کو نہیں مل رہا اور50 کلو گندم کا تھیلا 27سو کے بجائے 5000ہزار تک پہنچ چکا ہے جس سے کسانوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔