لال چندر راجپوت کو روک کر بھارت نے غلط پیغام دیا، جلال الدین

262

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی زمبابوے کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ امید ہے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز دلچسپ رہے گی تاہم مہمان ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چندر راجپوت جن کا تعلق بھارت سے ہے کو ان کی حکومت کی جانب سے پاکستان آنے سے روکنے کا کوئی جواز نہیں، اس بات کا اظہار ون ڈے میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے سابق پاکستانی بولر جلال الدین نے نمائندہ جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ایسے مواقع آتے ہیں جو کسی بھی 2 ملکوں کے اختلافات کو ختم یا کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چندر راجپوت اپنی ذمے داریوں کو نبھانے کے لیے پاکستان آتے تو اس سے بھارت کا گراف ہی اوپر جاتا۔ اس عمل سے بھارت نے غلط پیغام دیا۔ ان کے آنے سے دنیا کو پیغام پہنچتا کہ ان حالات میں کسی مخالف ملک کے شہری کو اس کی حکومت کی جانب سے اجازت ملنا اچھا اور مثبت پیغام ہے۔ یہی نہیں پاکستان کرکٹ بورڈ بھی ان کو یقینا الگ سے تمام مراعات دیتا اور ہیڈ کوچ سے وقتاً فوقتا ًمیڈیا کی بات چیت بھی مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان کم از کم کرکٹ کی بحالی کے لیے نیک شگون ثابت ہوتی۔ جلال الدین نے مزید کہا کہ بظاہر جو دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان ڈیڈ لاک ہے یہ اقدام اسی کی ایک کڑی ہے جس کے لیے شائقین کھیل خصوصاً کرکٹ کے پرستاروں کو آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی میگا ایونٹ کا انتظار کرنا ہوگا جو بھارت میں شیڈول ہے۔