حقوق کراچی ریفرنڈم میں ووٹنگ کا عمل مکمل

539

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت ”حقوق کراچی تحریک“ کے سلسلے میں شہربھر میں ہونے والے  ”کراچی ریفرنڈم“ میں ووٹنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

ریفرنڈم 16اکتوبر تا21اکتوبر تک جاری رہا اس دوران لاکھوں رائے دہندگان نے اپنا بیلٹ پیپر کاسٹ کیا،ریفرنڈم کے لیے 95لاکھ بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے تھے ،گنتی کا عمل 22اکتوبر کو  شروع ہو گا اور شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں بیلٹ بکس جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ادارہ نورحق میں قائم مرکزی ریفرنڈم کیمپ میں لائے جائیں گے،گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ریفرنڈم کمیشن کے چیئرمین،سابق اٹارنی جنرل جسٹس (ر) انور منصور خان نے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ ریفرنڈم کے دوران ووٹنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور ریفرنڈم کے شفاف طریقے سے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہارکیا۔

”کراچی ریفرنڈم“ میں خواتین کی بہت بڑی تعداد نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا، جن کے لیے حلقہ خواتین کو بھی بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے تھے۔

ریفرنڈم کے دوران امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے سٹی کورٹ کراچی بار ایسوسی ایشن، کراچی پریس کلب،صنعت و تجارت کی مختلف ایسوسی ایشنز کے دفاتر،فیکٹریوں،کارخانوں،چھوٹی بڑی مارکیٹوں،بازاروں کا دورہ کیا،شہر بھر میں مساجد کے سامنے، اہم پبلک مقامات،شاہراؤں، چورنگیوں اور تجارتی مراکز وصنعتی اداروں اور تعلیمی اداروں میں 300سے زائد ریفرنڈم کیمپس قائم کیے گئے تھے۔

جہاں شہریوں نے بیلٹ پیپرز کاسٹ کیے اور ریفرنڈم کے ان مطالبات کی حمایت کی کہ کراچی کو با اختیار شہری حکومت دی جائے،کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دی جائے، مردم شماری دوبارہ کرائی جائے، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے،کراچی کو بین الاقوامی طرز کا ٹرانسپورٹ کا نظام، تعلیم، صحت، پانی، سیوریج، اسپورٹس اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا مربوط نظام فراہم کیا جائے۔