گرفتاریوں کے سیزن ٹو کا آغاز ہونے والا ہے، ن لیگ

163

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ گرفتاریوں کے سیزن ٹو کا آغاز ہونے والا ہے‘ عدالتوں سے انصاف کی توقع نہیں‘ جھوٹے مقدمات سے ہماری تحریک کو ایندھن ملے گا‘ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے عدلیہ اور مسلح افواج کو سامنے لاکرگھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے‘ آئی جی سندھ کو ضمانت کون دے گا۔ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق ، کیپٹن (ر) صفدر اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان عدالتوں میں جہاں ارشد ملک جج تھا، ہمیں ایسے میں کسی انصاف کی توقع نہیں ہے‘ ردی کے کاغذ جمع کرا دیں‘ پرانے اخبار بھی جمع کرا دیں تو فیصلہ وہی آئے گا جو ارشد ملک کو لکھ کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں وفاق صوبے پر حملہ آور ہو‘ صوبے کے اعلیٰ ترین پولیس افسر کو اٹھا کر لے جائے وہاں پر آپ کونسے انصاف کی توقع رکھتے ہیں‘ کیپٹن (ر) صفدر کو تو ضمانت مل گئی لیکن آئی جی پولیس کو ضمانت کون دے گا‘ ان کی بات کونسی عدالت سنے گی‘ صوبے کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ ہمارا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ہم ڈھائی سال سے نیب کے مقدمات کا سامنا کر رہے‘ ہیں لیکن اس میں رتی برابر بھی حقائق ایسے نہیں جن کا ہم سے کوئی تعلق ہو‘ ہمیں پتا ہے اب یہ حکومت ہل چکی ہے تو گرفتاریوں کا سیزن 2 شروع ہونے والا ہے‘ ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں‘ جتنے جھوٹے مقدمے بنیں گے اتنا ہی زیادہ ہماری تحریک کو ایندھن ملے گا‘ عمران احمد نیازی اور ان کے وزرا اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں‘ بار بار قومی اداروں کا نام لے رہے ہیں‘ کبھی عدلیہ کو آگے کرتے ہیں،‘ مسلح افواج کو آگے کرتے ہیں‘ یہ ایک بہت گھنائونا کھیل ہے جو یہ حکومت اپنی نالائقی اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے کھیل رہی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حراست سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے ‘وزیراعظم آستینیں چڑھا کر سامنے آ جائیں تو حالات خراب ہی ہونے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہباز شریف پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے مادر ملت کا الیکشن چوری کیا تھا انہوں نے2018ء میں ہمارا الیکشن چوری کیا‘ مادر ملت سے زیادتی کرنے والا خود ساختہ صدر ایوب خان تھا، اس نے مادر ملت کا الیکشن چوری کیا اور اس چوری کے نتیجے میں ہمیں آدھا ملک گنوانا پڑا۔