اولمپکس 2021 پر روسی سائبر حملے، جاپان کا جوابی کارروائی تیز کرنے کا اعلان

405

جاپان حکومت نے اولمپکس مقابلوں کو مبینہ روسی سائبر حملوں سے بچانے کے لیے جوابی کارروائیوں کو تیز کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگلے سال ہونے والے اولمپکس مقابلوں کو روسی سائبر حملوں سے تحفظ دینے اور مقابلوں کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت تیز اقدامات کرے گی۔

حکومتی کابینہ کے چیف سکریٹری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت امریکا اور برطانوی حکام سے رابطے میں ہے اور معاملے کو ہر پہلو سے جانچ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روسی ہیکرز کی جانب سے حالیہ سائبر حملوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

چیف سکریٹری نے پریس کانفرنس کے دوران مبینہ حملوں کی مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا۔

برطانوی حکام نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ روسی ہیکرز نے مقابلوں کی معلومات چرانے کے لیے اولمپکس منتظمین پر سائبر حملے کیے۔

برطانوں حکام نے بھی روسی حملوں کی تفصیلات دینے سے معذرت کی۔

منتظمین کا بتانا ہے کہ روسی سائبر حملوں سے اب تک کوئی اثر نہیں پڑا، حملے کامیاب نہیں ہوئے۔

دوسری جانب روسی حکام نے ہیکرز کی جانب سے کیے گئے حملوں کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

جاپان 2021 میں اولمپکس مقابلے منعقد کرانے کا خواہش مند

جاپان کے وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت آئندہ سال اولمپکس مقابلوں کے انعقاد اور اس کی میزبانی کا ادارہ رکھتی ہے۔

26 ستمبر 2020 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کو بتایا کہ رواں سال مارچ میں کورونا وبا کے باعث بین الاقوامی اولمپکس کھیلوں کے مقابلے ملتوی کیے گئے۔ تاہم اب ہماری حکومت اس کو منعقد کرنے کا ادارہ رکھتی ہے۔

یوشی ہیدے سوگا نے اپنے خطاب میں کہا کہ “کھیلوں کے مقابلے کروا کر ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔”

وزیراعظم سوگا نے کہا کہ وہ اس تقریب کو محفوظ بنانے اور دنیا کو خوش آمدید کہنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے”۔

یوشی ہیدے سوگا جاپان کے نئے وزیراعظم ہیں۔ گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم شنزوابے خرابیِ صحت کے سبب اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہوگئے تھے۔

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ اولمپکس مقابلوں کے دوران کام کرنے والے عملے کی تعداد کو کم کیا جائے اور کھلاڑیوں کے لیے تربیتی مقامات کو مختصر کیا جائے۔

دوسری جانب عالمی طبی ماہرین نے اس طرح کی تقریبات منعقد کرنے سے خبردار کر رکھا ہے۔ مگر اولمپکس منتظمین کا اصرار ہے کہ وہ 2021 میں کھیلوں کے مقابلے ضرور کروائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو حوصلہ بنا رہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ “جاپان کورونا وائرس کے علاج کے لیے منصفانہ رسائی کو یقینی اور ترقی پذیر ممالک کے لیے ویکسین پر کام کرے گا۔ جاپان کورونا پر دنیا بھر میں ہونے والی ریسرچ، بننے والی ویکسین اور طریقہ علاج کی مکمل حمایت کرتا ہے”۔