ـ1965ء کی جنگ کے غازی اقبال فضل قادر انتقال کرگئے

91

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جنگ ستمبر 1965 ء دوار کا آپریشن کے غازی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) اقبال فضل قادر کا کراچی میں انتقال ہوگیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل اقبال فضل قادر دوارکا آپریشن کے دوران پی این ایس عالمگیر کی کمانڈ کر رہے تھے۔ انہوں نے 1951 ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ دریں اثنا ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وائس ایڈمرل اقبال فضل قادر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔امیرالبحر نے مزید کہا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے وائس ایڈمرل اقبال فضل قادر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔