لاہور‘حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے کروڑوں کا سامان خاکستر

239

لاہور(صباح نیوز)لاہور کے معروف شاپنگ مال حفیظ سینٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والی آتشزدگی سے درجنوں دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ آگ عمارت کی دوسری منزل سے لگی جس نے تیسری اور چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی 33 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ،ڈی سی لاہور نے کہا کہ پلاسٹک اور کیمیکلز کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی تاہم حتمی وجوہات رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آسکیں گی،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حفیظ سینٹر میں آتشزدگی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی ، انہوں نے صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشداور میاں خالد محمود کو بھی موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔