مزار قائد پر نعرے بازی ، لیگی رہنمائوں کیخلاف مقدمے کی درخواست

89

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر نے مریم نواز اورکیپٹن (ر)صفدر سمیت دیگر مسلم لیگ ن کے دیگر رہنمائوں کے خلاف مزار قائد کا تقدس پامال کے الزام میںمقدمہ درج کرانے کی درخواست دے دی۔بریگیڈ تھانے میں دی گئی درخواست میں کہاگیاہے کہ مریم نواز، کیپٹن صفدر اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر 200افراد نے مزار قائد کے احاطے میں سیاسی نعرے بازی کی جس سے مزارکا تقدس پامال ہوا،جبکہ مریم نواز کے ساتھ آنے والے افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے روکنے کے باوجود مزار کی گرل کود کر اندر داخل ہوئے ۔درخواست میںکہاگیاہے کہ ان افراد کے خلاف مزار قائد کا تقدس پامال کرنے اور کار سرکار میںمداخلت کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے۔راجا اظہر کی درخواست بریگیڈ تھانے کے اے ایس آئی محبوب عالم نے وصول کی تاہم رات گئے ا س تک مقدمے کا اندارج نہیں کیا گیا جبکہ راجا اظہر اور حلیم عادل سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما اور کارکنان تھانے کے باہر موجو د تھے۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے آنے والی مریم نواز جب مزار قائد پہنچیں تھیں تو اس موقع پرکیپٹن (ر) صفدر نے ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگوائے تھے ۔