ٹنڈو آدم : ہوٹل مالک و اسٹاف پر تشدد ، 6 افراد زخمی

116

 

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈوآدم میں پیسے کے لین دین پر ہوٹل مالکان و اسٹاف پر تشدد، چھے افراد زخمی، 14 افراد کیخلاف مقدمہ درج، شہریوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ ٹنڈو آدم بی سیکشن تھانے کی حدود جھول روڈ پر واقعہ دعا سلاطین ہوٹل پر بروہی برادری کے افراد نے قرض کے لین دین پر تلخ کلامی پر بروہی برادری کے ہی ہوٹل مالک فضل غنی بروہی سمیت اسرار، قادر، احسان اللہ بہادر، امان اللہ پر لاتوں، گھونسوں اور ہتھیاروں سے تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا جبکہ ہوٹل میں موجود سامان بھی توڑ دیا ، جھگڑے کے دوران ہوٹل پر موجود شہریوں نے بھاگ کر جان بچائی جبکہ ملزمان کارروائی کرکے فرار ہوگئے۔ بی سیکشن پولیس نے زخمیوں کو تعلقہ اسپتال میں طبی امداد دینے کے بعد حیدر آباد اسپتال روانہ کردیا۔ ہوٹل مالک کی فریاد پر 14 ملزمان جاوید، قادر، اکبر، سجاد، عامر، آصف، عرفان، سلیم سمیت 14ملزمان پر مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ ایس ایچ او بی سیکشن اختر بجارانی نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔