جلسے کے شرکا حکمرانوں کے سیاسی جنازے کیلیے کافی تھے، پلوشہ خان

224

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ کل گوجرانوالہ کے جلسے میں 10 ہزار بندے تھے یا 20 ہزار، یہ ان جعلی حکمرانوں کے سیاسی جنازے کیلیے کافی تھے، کل پنجاب نے فیصلہ دے دیا کہ ’’نیازی نامنظور‘‘اب پورے ملک کا فیصلہ ہوگا کہ ’’نیازی نامنظور‘‘، آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تحت باغ جناح میں تاریخی جلسہ ہوگا، اب حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے ہفتے کو باغ جناح میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ پلوشہ خان نے کہا کہ کل گوجرانوالہ کا تاریخی جلسہ پوری دنیا نے دیکھا، پنجاب نے اپنا تاریخی فیصلہ دے دیا،آج سندھ فیصلہ دے گا۔ کل باڑے کے ترجمان کرسیاں گنتے رہے، ان کو جانے کا پیغام مل گیا ہے۔کل پنجاب نے حکمرانوں کے منہ پر تھپڑ مارا اس کی آواز گونج رہی ہے،عوام کا فیصلہ سیاسی لاش اٹھانے کے برابر ہے، کل پنجاب میں پھر بھٹو کا نعرہ گونجا، بھٹو زندہ ہے، قوم کا پیغام گھرگھرپہنچ چکا ہے۔