فرانس: سابق صدر پر جرائم پیشہ مافیا تشکیل دینے کا الزام

165

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کے سابق صدر نکولا سرکوزی کے خلاف نیشنل فنانشل پراسیکیوٹر کی جانب سے مبینہ بدعنوانی اور 2007ء میں ہونے والے انتخابات کی مہم کے لیے لیبیا سے رشوت کے طور پر رقوم حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ان کے خلاف مارچ 2018ء سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم خبر رساں اداروں کے مطابق استغاثہ نے سابق صدر پر جرائم پیشہ مافیا تشکیل دینے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ سابق صدر سرکوزی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری بے گناہی واضح اور ایک سمجھوتے کا حصہ ہے مگر نیا الزام میرے لیے بجلی کے جھٹکے جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین میرے خلاف جب غیر قانونی فنڈنگ کے حصول کے الزام میں ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے تو ایک نیا ہتھکنڈا تیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس سے قبل بھی انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اُن پر کرپشن کے الزامات بے جا طور پر عائد کرکے ایک سازش کے تحت قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس جون میں بھی ایک فرانسیسی عدالت نے سابق وزیر اعظم فرانسوآ فییوں اور ان کی اہلیہ کو دھوکا دہی کے مجرم قرار دے کر سزائیں سنا دی تھیں۔ فییوں پر اپنی اہلیہ کو ایک جعلی نوکری کے نام پر سرکاری خزانے سے لاکھوں یورو کی ادائیگی کا الزام تھا۔