وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

110

کوئٹہ،اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال عالمی وبا کورونا کا شکار ہوگئے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں جام کمال نے تصدیق کی کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔خیال رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران
کورونا کے16نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے شکار18مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔علاوہ ازیں کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید7 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6ہزار588 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 531نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3لاکھ19 ہزار848 ہوگئی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے 3لاکھ4ہزار609 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8ہزار651 رہ گئی ہے۔کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 264 اور سندھ میں 2 ہزار 556 اموات ہو چکی ہیں ۔خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 91 اور آزاد کشمیر میں 78 ہو گئی ہے۔