حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینا چاہتا ہوں، شاہد خاقان

192

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلیے درخواست دینا چاہتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے، آج کوئی بھی وزیر عوامی مسائل پر بات نہیں کرتاصرف الزامات لگارہے ہیں، حکومت حب الوطنی اور غداری کے سرٹیفکیٹ نہ بانٹے بلکہ عوامی مسائل حل کرے، دو سابق وزرائے اعظم کوغدار کہیں گے تو پھر پاکستان کا مقدمہ کیسے لڑیں گے، حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے مجھے بھی بتادیں، درخواست دینا چاہتاہوں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کی بات سے ثابت ہوگیاوزیراعظم سارادن اپوزیشن کو گرفتار کرانے کا سوچتے ہیں، چار اور پانچ اکتوبر کی درمیانی رات نواز شریف سمیت دیگر پر غداری کا مقدمہ درج ہوا، وزیراعظم سمیت حکومتی نمائندوں کو علم ہی نہیں مقدمہ کون درج کرا گیا، سولہ وزراء اور کرائے کے ترجمان سمیت دیگر غائب ہیں ۔عوام کے سامنے کھلی عدالت میں کیس چلایا جا ئے۔ کشمیر کا سودا اور سی پیک بند ،معیشت تباہ کرنے والے غدار ہوتے ہیں۔ پی ڈی ایم غداری کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلیے نہیں بنی ۔ ایسے پرچے پاکستان میں پہلے بھی بنے ہیں ۔مگر ایسے نہیں بنے کہ آزادکشمیر کے وزیراعظم تک کو نہ چھوڑا جائے ۔ بشیر میمن کی باتوں نے ثابت کر دیا کہ وزیر اعظم اپویشن کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں سوچتا ہے ۔ انہوں نے کہا شاہدرہ والا پرچہ بھی عمران خان نے درج کرایا ۔اب وزراء سو کہانیاں کریں یہ ثابت ہو گیا ۔ کابینہ اجلاس میں آج تک عوامی تکالیف کی بات نہیں ہوئی ۔