جھیلوں میں شکار کا حق ماہی گیروں کو ہے،قبضہ ختم کرایا جائے ،فشر فورک

132

بدین (نمائندہ جسارت) منتخب نمائندوں، سیاسی، سماجی خواتین اور ماہی گیر تنظیموں نے 6 سو سے زائد جھیلوں پر غیرقانونی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی اور سرکاری جھیلوں سمیت پانی کے ذخائر میں شکار کا حق صرف ماہی گیروں کا ہے، پاکستان فشر فوک فورم کے زیر اہتمام جیم خانہ میں بدین کی جھیلوں سمیت سندھ بھر کے دیگر آبی ذخائر پر غیرقانونی قبضوں کے خاتمے ماہی گیروں کو مچھلی، جھینگے سمیت دیگر آبی حیات کے شکار کی اجازت دینے کے سلسلے میں منعقد پروگرام میں چیئرمین پاکستان فشر فوک فورم سید محمد علی شاہ، رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح سمیت دیگر سیاسی، سماجی، خواتین، ماہی گیروں کے علاوہ صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح نے کہا کہ مچھلی، جھینگے کے شکار کا حق صرف ماہی گیروں کا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ماہی گیروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ ماہی گیروں کو شہید بے نظیر بھٹو کارڈ کے نام پر لائسنس جاری کر کے قانونی طور پر شکار کے حقوق دیے۔ آج بھی پیپلز پارٹی ماہی گیروں کے ساتھ ہے، ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدام کرے گی، جن جھیلوں پر کوئی غیر متعلقہ افراد قابض ہیں، ان کے قبضے ختم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسر شاہی ایک سازش کے تحت غلط پالیسیاں بناتی ہے، جس میں ان کے اپنے مفاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کے حقوق کے لیے فشر فوک فورم کے نمائندوں سے مل کر وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر سے ملاقات کر کے مسائل کے حل کے لیے کوشش کی جائے گی۔ پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین سید محمد علی شاہ نے کہا کہ ماہی گیروں کے حقوق پر ہر دور میں حملہ کیا گیا، آج بھی بدین سمیت سندھ میں چھے سو سے زائد جھیلوں، دیگر قدرتی اور آبی ذخائر پر ٹھیکیدار اور بااثر حکومتی شخصیات قابض ہیں، افسوس ریاست وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہائی کورٹ کے 2017ء کے واضح فیصلے کے باوجود ماہی گیروں کے حقوق کو تحفظ دینے کے بجائے بااثر قابض شخصیات کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی اور سرکاری جھیلوں، پانی کی گزرگاہوں سمیت دیگر آبی ذخائر پر قابض ٹھیکیداروں بااثر شخصیات کو محکمہ فشریز تحفظ دے رہی ہے۔ محکمہ فشریز کا ڈی جی سندھ اللہ داد تالپور کہتا ہے کہ میرے بس میں ہو تو میں شکار کے سب حقوق ٹھیکیداروں کو دے دوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماہی گیروں کہ حقوق کے لیے بدین سمیت سندھ بھر میں پانی کے ذخائر پر قابض افراد کیخلاف مرحلہ وار جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں، ہم ماہی گیروں کے حقوق سے کسی صورت دسبردار نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز افتخار بروہی، فشر فوک فورم کے ضلعی صدر مٹھن ملاح، سیکرٹری عمر ملاح، سینئر صحافیوں اللہ رکھیو نعیم، تنویر احمد آرائیں، شوکت میمن، مصطفی جمالی، مہوش لغاری، شمیم کھٹی، بختاور ملاح، نورجہاں چانڈیو، سمینہ قنبرانی، کلثوم قنبرانی، پروین جوکھیو، فدا سومرو، حسن ملاح، اسحاق خاصخیلی، ساجن شیخ، یوسف مندرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔