یوسف ہارون کی طلبی کے اشتہار لگائے جائیں، احتساب عدالت

402

لاہور(نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر وقائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے 5صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے میںکہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوسکی ،ہارون یوسف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جاتی ہے، ہارون یوسف کی رہائشگاہ کے باہر اور عوامی مقامات پرطلبی کے اشتہار لگائے جائیں۔تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیشی نے نصرت شہباز اور رابعہ علی کے قابل ضمانت وارنٹ کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائی ، رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین روپوش ہوچکی ہیں، شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے ناقابل ورانٹ ضمانت گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔ دفتر خارجہ نے سلمان شہباز کی وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ جمع نہیں کرائی،آئندہ سماعت پر متعلقہ افسر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت دیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی بیٹی جویریہ علی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔