کراچی کے 2 سابق کور کمانڈرز انتقال کر گئے

554

کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر +مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے 2سابق کور کمانڈرز لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظفرحسین عثمانی کراچی کے علاقے دو دریا کے قریب گاڑی میں مردہ پائے گئے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر اختر علالت کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں چل بسے ۔تفصیلات کے مطابق ایس پی کلفٹن عمران مرزا کے مطابق کراچی کے علاقے دو دریاکے قریب خیابان شجر پر ایک کار میں لاش کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور چیک کیا تو کار اسٹارٹ تھی اور اس کی ہیڈلائٹس بھی آن تھیں۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکار جائے وقوع پر پہنچے تو لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظفر حسین عثمانی کار میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ایس پی عمران مرزا کے مطابق مظفر عثمانی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، مظفر عثمانی گزری میں رہائش پذیر تھے اور وہ مفتی تقی عثمانی کے عزیز تھے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظفر عثمانی سال 1999ء میں لگنے والے مارشل کے دوران کور کمانڈر کراچی تھے اور وہ ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر بھی فائز رہے۔دوسری جانب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر اختر کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سابق کور کمانڈر کراچی کا انتقال لاہور کے ایک نجی اسپتال میں ہوا۔اہلخانہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر اختر گزشتہ ایک سال سے رعشے کی بیماری میں مبتلا تھے اور کئی روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نصیر اختر کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لاہور کینٹ میں ادا کی جائے گی۔ یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر اختر 1992 سے 1994 تک کور کمانڈر کراچی تعینات رہے۔