نواز شریف اور الطاف حسین کی تقاریر میں کوئی فرق نہیں، شبلی فراز

390

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور الطاف حسین کی تقاریر میں کوئی فرق نہیں رہا،نوازشریف عدالتوں اور نظام کو دھوکا دے کر بیرون ملک گئے۔

پریس کانفرنس میں نواز شریف کی تقریر پر ردعملدیتے ہوئے شبلی فراز نے کہاکہ ، نواز شریف  اپنی ذات، خاندان اور پیسوں کو بچانے کے لیے اداروں پر تنقید کر رہے ہیں،  نواز شریف نے اداروں کو بنانے کی بجائے انہیں تباہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ  نوازشریف ملک کو مزید کمزور کررہے ہیں، وہ بتانا چاہ رہے ہیں کہ پیسہ ہے تو آپ کچھ بھی کرسکتے ہیں،نواز شریف ملک کے خلاف تقریر کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے اسی ملک کی قیمت پر اربوں روپے کمائے۔

انہوں نے کہاکہ  حکومت کی ایک ہی ڈیمانڈہے کہ نواز شریف  نے اپارٹمنٹ کیسے بنائے اور باہر پیسے کیسے لے کر گئے؟ نواز شریف باتوں کو الجھانے کی بجائے عدالتوں کے سوالوں کا جواب دیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ  نواز شریف نے ملک کی معیشت اور کردار کا ستبہ ناس کر دیا، ایسے معاہدے کئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی، ڈالر کو مصنوعی سطح پر پہنچایا، نواز شریف کہتے ہیں کہ اس ملک میں مہنگائی ہے، اس مہنگائی کی جڑ کوئی اور نہیں نواز شریف خود ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ نواز شریف آج لندن میں نیلسن منڈیلا بن کر خطاب کرتے ہیں ،جب نواز شریف اقتدار میں تھے تو یہ ادارے ٹھیک تھے، آج نواز شریف ان ہی اداروں کے خلاف تبصرے کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اگر نواز شریف  کو الیکشن پر کوئی شبہ تھا تو ن لیگ تحریک انصاف کی طرح تحریک چلاتی،اب دو سال بعد کہہ رہے ہیں یہ الیکشن ٹھیک نہیں نواز شریف خود جمہوریت کے دشمن ہیں، سب جانتے ہیں کہ ن لیگ  کا کبھی بھی جمہوری رویہ ہی نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کی فکر ہے، پاکستان میں وافر گندم موجود ہے، گندم کی امپورٹ وقت پر ہو گی، چینی، گندم کی جو امپورٹس ہو رہی ہے اس کے اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھیں گے،بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیلئے ایسی حکمت عملی بنا رہے ہیں کہ کم از کم یہ بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمت ہوں۔