نون لیگ اور پی پی اپنی پوزیشن واضح کریں، پھر حمایت کریں گے: سراج الحق

450

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنی پوزیشن کو واضح کریں پھر حمایت کا سوچیں گے۔

سینیٹر سراج الحق نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے پہلے حکومت کو سپورٹ کیا اب مخالفت میں ہیں۔ نون لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی پوزیشن کلیئر کریں پھر ہم ان کی حمایت کا سوچیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ شہزادے اور شہزادیوں کے مجموعہ کو اپوزیشن نہیں کہا جاسکتا۔ جماعت اسلامی کا کردار حقیقی اپوزیشن کا ہے، اپوزیشن کی دوسری جماعتیوں کے اپنے مفادات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عام ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں جماعت اسلامی نے شرکت نہیں کی تھی۔