فیصل واوڈا کی نااہلی ؛ درخواستوں پر تفصیلی جواب طلب

467

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا نااہلی کیس کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، جسٹس الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دروان سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ فیصل واوڈا نے ریٹرننگ افسر کو دیے گئے بیان حلفی میں جھوٹ بولا، فیصل واوڈا نے قرض کی تفصیلات چھپائی، ٹیکس نہیں دیا، فیصل واوڈا نے بیرون اور اندرون ملک جائیدادیں خریدنے کے ذرائع اور منی ٹریل نہیں دیا۔

وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپائی، جب کہ  دہری شہریت منسوخی کا ثبوت بھی نہیں دیا۔

ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا کہ آپ نے ابھی تک درخواستوں پر تفصیلی جواب جمع نہیں کروایا، 8 اکتوبر سے قبل تحریری جواب جمع کروائیں پھردیکھیں گے کہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔