سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے 27 مخصوص ارکان کی رکنیت معطل

177
dissolved

لاہور: پنجاب اسمبلی کے 27 مخصوص ارکان کی سپریم کورٹ کے حکم پر  رکنیت معطل کردی گئی، معطل ارکان میں 24 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص ارکان کی رکنیت معطل کر دی گئی،۔

معطل خواتین ارکان میں ن لیگ کی 21 ، پیپلزپارٹی، آئی پی پی اور ق لیگ کی ایک ایک رکن شامل ہیں جبکہ معطل اقلیتی ارکان میں ن لیگ کے 2 اور پیپلزپارٹی کا ایک رکن شامل ہے۔

واضح رہے کہ  سپریم کورٹ آف پاکستان نے پیر کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

 جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں ایس آئی سی کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر استدعا کی سماعت کی تھی، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہا ہے کہ اپیلوں کی سماعت صرف لارجر بنچ ہی کر سکتا ہے تاہم عدالت نے بینچ پر اعتراض مسترد کر دیا تھا۔

وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے آزاد جیتے ہوئے اراکین اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا 7 امیدوار تاحال آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کا حصہ ہیں؟